بیلتنگڈی، 28 / مئی (ایس او نیوز) ایم ایل اے ہریش پونجا کے خلاف پولیس کارروائی کی وضاحت کرتے ہوئے ضلع پولیس سپرنٹنڈنٹ ریشیانت نے کہا کہ ہریش پونجا کے خلاف دو کیس داخل ہوئے ہیں ۔ ایک معاملے میں ضابطے کے مطابق انہیں پولیس اسٹیشن میں ضمانت دی گئی ہے جبکہ دوسرے معاملے میں انہیں نوٹس دیا گیا ہے ۔ پونجا کی طرف سے نوٹس کا جواب ملنے کے بعد اگلی کارروائی پر غور کیا جائے گا ۔
ضلع ایس پی نے دھرمستھلا میں اخبار نویسوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہ حال ہی میں ہریش پونجا کو تفتیش کے لئے پولیس اسٹیشن لانے کے مقصد سے صرف تین پولیس افسران کو پونجا کے گھر بھیجا گیا تھا مگر وہاں غیر ضروری طور پر لوگوں کا ہجوم بڑھنے کی وجہ سے لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال پر مزید پولیس فورس کو بھیجنا پڑا ۔
ایم ایل اے پونجا کے گھر پر پیش آئی ہوئی صورتحال پر ایس پی نے مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ وہاں پر جو منتخب عوامی نمائندے موجود تھے انہوں نے ہم سے درخواست کی تھی کہ ایم ایل اے کے گھر کے پاس ہمارے کارکنان کا بہت زیادہ ہجوم ہے اور ایسی حالت میں ایم ایل اے کو پولیس اسٹیشن لے جانے کے لئے باہر لانا مشکل ہو جائے گا ، ہم لوگ اپنے کارکنان کو وہاں سے واپس بھیجتے ہیں اور تم پولیس والوں کو وہاں سے ہٹا دو۔
اسی کے مطابق عمل کرتے ہوئے ہم نے ایم ایل اے کو پولیس اسٹیشن لا کر تفتیش کے بعد ضمانت پر رہا کیا تھا ۔
ایس پی نے کہا کہ کسی معاملے میں اگر تفتیش کے لئے کسی جگہ پہنچتی ہے تو ایک ہزار، دس ہزار یا ایک لاکھ افراد جمع ہونے سے قانون اور کیس بدلتا نہیں ہے ۔ اگر جرم ہوا ہے تو کیس داخل ہو کر رہے گا ۔ اور قانون کے مطابق ہم ضروری کارروائی کریں گے ۔